ٹرمپ کا ایران مذاکرات پر بیان: اسلام آباد مذاکرات کے نتائج سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری سفارتی عمل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت کے نتائج سے انہیں کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ہو بھی سکتا ہے اور نہیں بھی، تاہم دونوں صورتوں میں امریکا اپنی پالیسی پر قائم رہے گا۔ ان کے مطابق اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ آئندہ کیا صورتحال بنتی ہے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا پہلے ہی ایران کے مقابلے میں برتری حاصل کر چکا ہے اور ایرانی قیادت، بحریہ، فضائیہ اور دفاعی نظام کو نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔

انہوں نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں بارودی سرنگوں کی موجودگی کا امکان ہے، تاہم امریکی افواج جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اس علاقے کی صفائی میں مصروف ہیں۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر ایران کو چین کی جانب سے ہتھیار فراہم کیے جانے کی اطلاعات درست ثابت ہوئیں تو اس کے نتائج چین کے لیے سنگین ہوں گے۔