ٹرمپ کی صحافیوں پر کڑی تنقید، ایران کے جوہری معاملے پر سخت بیان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ اور جوہری معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صحافیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ٹرمپ نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ٹکر کارلسن، میگین کیلی، کینڈیس اوونز اور ایلکس جونز ان سے کیوں اختلاف کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ سمجھتے ہیں کہ دہشت گردی میں نمبر ون ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہونا درست ہے۔انہوں نے صحافیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان سب میں ایک چیز مشترک ہے کہ ان کا آئی کیو کم ہے اور وہ غیر سنجیدہ ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق ان صحافیوں کو ٹی وی سے ہٹا دیا گیا ہے اور اب انہیں پروگراموں میں مدعو بھی نہیں کیا جاتا۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ یہ لوگ سستی شہرت کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں اور اب ان کے پاس صرف معمولی درجے کے پوڈ کاسٹس رہ گئے ہیں۔ٹرمپ نے صحافی ٹکر کارلسن کے بارے میں کہا کہ انہیں کسی ماہر نفسیات سے رجوع کرنا چاہیے، جبکہ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں تنقید کی پرواہ نہیں بلکہ وہ صرف اپنے ملک کے مفاد اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے پر توجہ دے رہے ہیں۔