ایران امریکا مذاکرات: اسلام آباد اور گردونواح میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، سرچ آپریشنز تیز

اسلام آباد: ایران اور امریکہ کے درمیان اہم مذاکرات کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پولیس، رینجرز، سی ٹی ڈی اور انٹیلیجنس اداروں پر مشتمل مشترکہ سیکیورٹی فریم ورک فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مشکوک افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر سرچ اور کومبنگ آپریشنز جاری ہیں۔اسلام آباد کے مختلف علاقوں سبزی منڈی، فیض آباد، ترنول، شہزاد ٹاؤن اور کراچی کمپنی کے اطراف میں گھر گھر تلاشی لی گئی ہے۔دوسری جانب راولپنڈی ریجن کے علاقوں ٹیکسلا، مری، جہلم اور اٹک میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرینڈ آپریشنز کیے ہیں۔حکام کے مطابق نور خان ایئر بیس اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم ٹرانزٹ پوائنٹس پر سخت نگرانی جاری ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ حساس تنصیبات اور رہائشی علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ بین الاقوامی وفود کی آمد کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔