اسلام آباد (ویب ڈیسک) – پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ریلوے کرایوں میں اضافے سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان ریلوے کی مجموعی کارکردگی، جاری اصلاحات اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر ریلوے نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خلیجی صورتحال کے پیش نظر عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں چلنے والی تمام ٹرینوں کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ موجودہ معاشی حالات میں عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کیا جائے اور ریلوے نظام کو بہتر بنا کر آمدن میں اضافہ کیا جائے۔
شہباز شریف نے پاکستان ریلوے کو جدید، محفوظ اور قابلِ اعتماد سفری نظام میں تبدیل کرنے کے لیے اصلاحاتی اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور عوام کو بہتر، محفوظ اور سستی سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔