پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر منارہی ہے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) – پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کے تہوار کا جشن منا رہی ہے، جس کے لیے گرجا گھروں میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمدردی، امید، تجدید، نجات اور بھلائی پر برائی کی فتح کا واضح پیغام دیتا ہے۔ مسیحی مرد اور خواتین پاکستان کے اسکولوں، اسپتالوں، سرکاری اداروں اور مسلح افواج میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ صدر نے کہا کہ پاکستان میں مسیحی برادری کو قدر اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی دعا کی کہ یہ خوشیوں بھرا دن مسیحی برادری، پاکستان اور دنیا بھر کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کی خبر لے کر آئے۔ موجودہ کشیدہ حالات میں مختلف مذاہب کے درمیان امن کی تعلیم اور فروغ کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں شہریوں خصوصاً اقلیتوں کے مذہبی، معاشی اور تعلیمی حقوق کا یقینی تحفظ شامل ہے۔