خیبرپختونخوا حکومت کا ’’احساس فیول سپورٹ پروگرام‘‘ شروع کرنے کا اعلان

پشاور (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت نے موٹر سائیکل اور اسکوٹر مالکان کے لیے اہم ریلیف اسکیم ’’احساس فیول سپورٹ پروگرام‘‘ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانا ہے۔

حکومت کے مطابق یہ پروگرام چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر شروع کیا جا رہا ہے۔ اس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ موٹر سائیکل اور اسکوٹر مالکان کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

ماہانہ 2000 روپے فیول سپورٹ

حکام کے مطابق اہل افراد کو ماہانہ 2000 روپے فیول سپورٹ فراہم کی جائے گی تاکہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ کم کیا جا سکے۔

اہلیت کی شرائط
موٹر سائیکل یا اسکوٹر درخواست دہندہ کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو۔
رجسٹریشن کی منتقلی مکمل ہو چکی ہو۔
غیر رجسٹرڈ یا کسی دوسرے کے نام پر رجسٹرڈ گاڑی رکھنے والے افراد اہل نہیں ہوں گے۔
رجسٹریشن کا طریقہ کار

درخواست دینے کے لیے شہریوں کو “دستک ایپ (Dastak App)” استعمال کرنا ہوگی۔

پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
بطور صارف اکاؤنٹ بنائیں۔
گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور چیسز نمبر درج کریں۔
ضلع کا انتخاب کریں اور مکمل ذاتی معلومات فراہم کریں۔

درخواست دہندہ کو درج ذیل دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی:

قومی شناختی کارڈ (فرنٹ اور بیک)
رجسٹریشن بک یا اسمارٹ کارڈ
گاڑی کی واضح تصویر
ٹرانسفر کی صورت میں فروخت کنندہ اور خریدار دونوں کی تصدیق
تصدیق کا عمل

حکومت کے مطابق درخواستوں کی تصدیق e-Sahulat کے ذریعے کی جائے گی جبکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس (ETO) جانچ پڑتال کے بعد حتمی منظوری دے گا۔ منظور یا مسترد ہونے کی اطلاع درخواست دہندہ کو فراہم کی جائے گی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ غلط معلومات فراہم کرنے یا نام کی منتقلی مکمل نہ ہونے کی صورت میں درخواست مسترد کر دی جائے گی۔ ٹرانسفر کے کیس میں دونوں فریق کی تصدیق لازمی ہوگی۔

رجسٹریشن کی تاریخ اور رابطہ

رجسٹریشن کا عمل 6 اپریل سے شروع ہوگا۔ مزید معلومات کے لیے شہری 091-9212260 اور 091-9211693 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔