پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستان ریلوے کے کرائے نہیں بڑھائے جائیں گے

اسلام آباد(ویب ڈیسک) – پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد ٹرین کے کرایوں سے متعلق اہم اعلان سامنے آ گیا ہے۔
پاکستان ریلوے کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد آپریشنل اخراجات پورے کرنے کے لیے ٹرین کے کرایوں میں 30 فیصد تک اضافہ متوقع تھا، تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلوے کو کسی بھی کلاس کے کرائے بڑھانے سے منع کر دیا ہے۔
حکومت نے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور رواں مالی سال کے اختتام 30 جون تک 6 ارب روپے کا اضافی بوجھ اپنے ذمہ لے لیا ہے۔
وزیراعظم کے احکامات کے مطابق اکانومی، اے سی کلاس سمیت کسی کرائے میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، اور تاجر برادری کے لیے فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں بھی کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ اعلان عوام کے لیے تحفہ ہے اور مشکل وقت میں مسافروں کے دل جیت لیے ہیں۔ اب ریلوے کا سفر ہر شخص کی پہنچ میں رہے گا۔

ویب ڈیسک