ایل پی جی کی شدید قلت: لاہور میں قیمتیں 470 روپے فی کلو تک پہنچ گئیں

لاہور (ویب ڈیسک) : صوبائی دارالحکومت میں ایل پی جی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث مارکیٹ میں گیس کی بلیک مارکیٹ فروخت شروع ہو گئی ہے۔ مختلف علاقوں میں ایل پی جی 470 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، جبکہ سرکاری نرخ 304 روپے فی کلو مقرر ہیں۔

حکومت نے یکم اپریل کو ایل پی جی کی قیمت میں 78 روپے فی کلو اضافہ کیا تھا، لیکن صارفین کو ابھی بھی سرکاری نرخوں پر گیس دستیاب نہیں۔ ڈیلرز کے مطابق مارکیٹنگ کمپنیاں مطلوبہ مقدار فراہم نہیں کر رہیں، جس کی وجہ سے طلب اور رسد میں شدید فرق پیدا ہو گیا ہے۔

ڈیلرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال کا فوری نوٹس نہ لیا گیا اور سپلائی بہتر نہ کی گئی، تو ایل پی جی کی قیمت 500 روپے فی کلو سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔