سندھ حکومت نے ڈیری فارمرز کو وارننگ دی: دودھ کی قیمت نہ بڑھائیں

کراچی: سندھ حکومت نے ڈیری فارمرز کو سخت پیغام دیا ہے کہ دودھ کی قیمت میں مزید ایک روپیہ بھی اضافہ نہیں ہوگا اور حکومت کو بلیک میل کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت دودھ کی قیمتوں میں کسی بھی قسم کے خودساختہ اضافے کو برداشت نہیں کرے گی۔ ڈیری فارمرز کو واضح کیا گیا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دودھ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔سعدیہ جاوید نے کہا کہ جیسے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوں گی، حکومت دودھ کی قیمتیں بھی کم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔ فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کو بازار میں قیمتوں اور معیار کی نگرانی کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر خالص دودھ فراہم کیا جا سکے۔