دبئی کے قریب کویتی آئل ٹینکر پر ڈرون حملہ، آگ بجھا دی گئی، تمام عملہ محفوظ

دبئی کی سمندری حدود میں ایک کویتی آئل ٹینکر پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں اینکریج “A” کے قریب ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ دبئی میڈیا آفس کے مطابق فائر فائٹنگ ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور ٹینکر میں موجود تمام 24 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کویت پیٹرولیم کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ٹینکر “السالمی” مکمل طور پر تیل سے بھرا ہوا تھا اور اسے ایران کی جانب سے نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ سمندر میں تیل پھیلنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کویت میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کے بعد فوج نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنانے میں مصروف ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھر دبئی کے علاقے البدعہ میں ایک خالی مکان پر فضائی دفاعی کارروائی کے بعد ملبہ گرنے سے آگ لگ گئی، جسے بجھا دیا گیا۔ اس واقعے میں 4 افراد معمولی زخمی ہوئے۔علاقائی صورتحال کے تناظر میں سعودی عرب نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے چند گھنٹوں کے دوران 8 بیلسٹک میزائل تباہ کیے، جن میں 7 ریاض اور ایک مشرقی علاقے کی طرف داغا گیا تھا۔