اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور پاکستان کے ممکنہ ثالثی کردار کے پیش نظر آج ملک کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت ایک اہم اجلاس میں سر جوڑ کر بیٹھے گی، جس میں اہم فیصلوں کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور اعلیٰ عسکری حکام شرکت کریں گے۔
اجلاس میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور اس کے خطے پر اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پاکستان کے ممکنہ ثالثی کردار پر بھی غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق خلیجی ممالک پر حملوں کے اثرات، ملکی سلامتی اور معاشی استحکام سے متعلق امور بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔ وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار چار ملکی وزرائے خارجہ اجلاس پر قیادت کو بریفنگ دیں گے۔اجلاس میں پیٹرولیم ذخائر، ترسیل کے نظام اور عالمی بحران کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیورز کے لیے سبسڈی سے متعلق فیصلے بھی متوقع ہیں۔مزید برآں، ممکنہ اسمارٹ لاک ڈاؤن اور ہنگامی اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں عوامی نقل و حرکت اور کاروباری سرگرمیوں کو منظم رکھا جا سکے۔