کراچی (نیوز ڈیسک) – کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری کے قریب 100 کوارٹر کے علاقے میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں گھریلو ناچاقی سے تنگ ایک شخص بجلی کے ہائی ٹینشن پول پر چڑھ گیا۔
پولیس کے مطابق ہائی ٹینشن پول کی اونچائی تقریباً 100 سے 150 فٹ تھی، جس کے باعث شہری کی جان کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ہائی ٹینشن لائن پر چڑھنے والے شخص کی شناخت رحیم کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا۔
ریسکیو ٹیموں نے شہری کو محفوظ طریقے سے نیچے اتارنے کی تیاری کی، تاہم اسی دوران رحیم خود ہی نیچے اتر آیا، جس کے بعد اہلکاروں نے اسے حفاظتی تحویل میں لے لیا۔
ریسکیو 1122 نے شہری کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا ہے۔