ٹھل / جیکب آباد (نیوز ڈیسک) – ٹھل سی سیکشن تھانے کی حدود گاؤں وارث دینو بنگلا نی میں بنگلا نی برادری کے دو گروپوں کے درمیان تصادم کے دوران شدید فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی فائرنگ کے نتیجے میں بابو بنگلا نی موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ حاجی بنگلا نی، غلام حیدر، نادر، ظفر، خیر محمد، زاہد، غالب، قربان اور سلام بنگلا نی سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تعلقہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ورثا کے مطابق مبینہ بھتہ خوروں نے دھمکی دی تھی کہ بھتہ نہ دینے کی صورت میں گندم کی فصل کو آگ لگا دی جائے گی۔ انکار پر گزشتہ رات شبیر بنگلا نی، حمزو، اکبر، مستو، دلی جان، جاوید اور فدا بنگلا نی سمیت 10 افراد نے جدید اسلحے سے مسلح ہو کر گھروں پر حملہ کیا اور اندھا دھند فائرنگ کی۔
ورثا کا کہنا ہے کہ اطلاع دینے کے باوجود پولیس موقع پر نہیں پہنچی، جس کے باعث انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاش اور زخمیوں کو رکشہ اور دیگر ذرائع سے اسپتال منتقل کیا۔
متاثرہ خاندان نے Sindh Police اور ایس ایس پی جیکب آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا جائے اور انصاف فراہم کیا جائے۔