سکھر میں غیرت کے نام پر نوجوان لڑکی قتل، ملزم فرار

سکھر کے علاقے نیو پنڈ کی مائیکرو کالونی میں غیرت کے نام پر ایک نوجوان لڑکی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع مقتولہ کے والد علی شیر ملک نے مائیکرو پولیس چوکی نیو پنڈ پر دی اور مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کرائی۔

اطلاعات کے مطابق مائیکرو کالونی کے رہائشی علی شیر ملک نے بتایا کہ ان کی بیٹی انساء ملک، جس کی عمر تقریباً 18 سے 19 سال کے درمیان تھی، کو ان کے بھتیجے امان اللہ ملک نے مبینہ طور پر کاروکاری کے الزام میں فائرنگ کر کے قتل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم امان اللہ ملک، علی شیر کے بھائی حبیب اللہ ملک کا بیٹا ہے، جو فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال سکھر منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق لڑکی کو ٹی ٹی پستول سے نشانہ بنایا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اہل خانہ کے بیان کی روشنی میں مقدمہ درج کرنے کا عمل جاری ہے۔

واضح رہے کہ سندھ کے مختلف علاقوں میں کاروکاری کے نام پر قتل کے واقعات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہتے ہیں، جن پر انسانی حقوق کی تنظیمیں تشویش کا اظہار کرتی رہی ہیں۔