اسلام آباد (ویب ڈیسک) – آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے خدشات دور نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر میں ہزاروں پیٹرول پمپ بند کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم کے وفاقی وزیر علی پرویز ملک سے فوری ملاقات کے لیے خط ارسال کیا گیا ہے۔ 6 مارچ کو بھی ایک خط بھیجا گیا تھا تاہم تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم سیکٹر کو آپریشنل مسائل، مالی مشکلات، قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور اچانک پالیسی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔ حکومت پالیسی سازی کے عمل میں صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرے۔ ملک بھر کے تقریباً 14 سے 15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان کو درپیش مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک گیر سطح پر پیٹرول پمپ بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔ پیٹرول پمپوں کی بندش کی صورت میں ملک میں ایندھن کے بحران کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کی ذمہ داری وزارتِ پیٹرولیم پر عائد ہوگی۔