اسلام آباد (ویب ڈیسک)محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے 30 مارچ تک ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جو 27 مارچ کو شدت اختیار کرے گا اور 30 مارچ تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
اس موسمی سسٹم کے زیر اثر ملک بھر میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی، اور کئی مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
پی ڈی ایم ایز نے شہریوں سے ہدایت کی ہے کہ وہ کمزور تنصیبات کو نقصان سے بچانے، موسلا دھار بارش کے دوران احتیاط برتنے اور فصلوں کے تحفظ کے لیے ضروری تدابیر اختیار کریں۔