تہران (ویب ڈیسک) پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن “وعدہ صادق 4” کے تحت حملوں کی 78 ویں لہر کا آغاز کر دیا ہے، جس کا نام “یا دلیل المُتحیّرین” رکھا گیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس لہر کو ایرانی مشرقی علاقوں کے معززین کے نام منسوب کیا گیا ہے۔ حملوں کی اس نئی لہر میں امریکی اڈوں اور اسرائیلی علاقوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی عظیم قوم سڑکوں اور میدانوں میں موجود ہے اور بہادر سپاہیوں کی جانب سے میزائلوں کی بارش جنگی تاریخ میں ایک منفرد ریکارڈ ہے۔
بیان کے مطابق “عماد” اور “قدر” کے ملٹی وار ہیڈ پوائنٹ آف اسٹرائیک سسٹم کے ذریعے دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ تباہ کن ڈرونز نے بھی اہداف کو کامیابی سے ہدف بنایا۔
پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ معصوم بچوں کے قاتلوں کے خلاف میدانِ جنگ میں کارروائیاں جاری ہیں اور ابھی بیشتر جنگی یونٹس اور بسیج فورس مکمل طور پر میدان میں نہیں اتری۔
آخر میں انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ ضرورت پڑنے پر دشمن کے لیے مشکلات مزید بڑھا دی جائیں گی اور جنگ کی مساوات بدلنے کی سازشیں ان کی نظروں سے اوجھل نہیں ہیں۔