اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک بھر میں 86واں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ قومی یکجہتی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے قرآن خوانی بھی کی گئی۔
یومِ پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس موقع پر فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی اور اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا۔
تقریبات کے دوران قوم نے ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اتحاد و یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ پاکستان کی مضبوطی کے لیے مزید محنت اور قربانی دی جائے گی۔
واضح رہے کہ آج اسلام آباد میں یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب منعقد ہونا تھی، تاہم ایران سے متعلق موجودہ صورتحال اور وزیرِاعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت تقریب منسوخ کر دی گئی۔