کراچی (ویب ڈیسک) بین الاقوامی مارکیٹ اور مقامی سطح پر سونے کی قیمت میں تاریخ کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 436 ڈالر فی اونس کی نمایاں کمی ہوئی، جس کے بعد فی اونس قیمت 4250 ڈالر تک آ گئی۔ اس بڑی گراوٹ کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی براہِ راست مرتب ہوئے۔
پاکستان میں فی تولہ سونا 43 ہزار 600 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 47 ہزار 762 روپے کی سطح پر آ گیا، جو گزشتہ چار ماہ کی کم ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔ اسی تناسب سے 10 گرام سونے کی قیمت میں 37 ہزار 380 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 83 ہزار 833 روپے ہو گئی۔
چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی اور فی تولہ چاندی 800 روپے سستی ہو کر 6 ہزار 884 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں آج 23 مارچ کے سلسلے میں عام تعطیل ہے جبکہ عید کا تیسرا روز ہونے کے باعث بیشتر مارکیٹیں بند ہیں۔ عید سے ایک روز قبل کاروباری ہفتے کے آخری دن فی تولہ سونے کی قیمت 8 ہزار روپے سے زائد کمی کے ساتھ 4 لاکھ 91 ہزار 362 روپے تک آ گئی تھی۔
ماہرینِ معیشت کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ہونے والی اس بڑی تبدیلی کے اثرات مقامی مارکیٹ پر فوری طور پر ظاہر ہوئے ہیں۔ سونا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے اور افراطِ زر یا سیاسی و معاشی عدم استحکام کے اوقات میں اس کی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زائد مقرر کی جاتی ہے۔