امریکا اور اسرائیل کے ایران پر فضائی حملے جاری، تہران میں اہم تنصیبات نشانہ

تہران (ویب ڈیسک) امریکا اور اسرائیل کے ایران پر فضائی حملے جاری ہیں، جن میں تہران کے ٹی وی اور ریڈیو کی کئی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں کے بعد متعدد مقامات پر زور دار دھماکے سنائی دیے، تاہم ایران کا دفاعی نظام فعال رہا۔

فضائی حملے جن علاقوں میں ہوئے ان میں پیروزی اسٹریٹ، گرمدرہ، شہید بابائی ہائی وے اور خیابانِ حافظ شامل ہیں، تاہم اب تک جانی یا مالی نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ اس کے علاوہ تہران کے علاقے سرخہ، کرج اور جنوبی ایران کے شہر بوشہر میں بھی حملوں کی اطلاعات ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق بندر عباس میں خلیج فارس کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن سینٹر کا 100 کلو واٹ ٹرانسمیٹر بھی نشانہ بنایا گیا، جس میں اے ایم ٹرانسمیٹر متاثر ہوا۔ اس حملے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ قم ٹربائن انجن پلانٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو ڈرونز اور طیاروں کے لیے گیس ٹربائن انجن تیار کرتا تھا اور پاسدارانِ انقلاب کے زیرِ استعمال تھا۔

ادھر ایرانی ہلال احمر کے سربراہ کے مطابق 28 فروری سے اب تک امریکی اور اسرائیلی حملوں میں 81 ہزار سے زائد سویلین یونٹس کو نقصان پہنچا ہے۔