تہران (ویب ڈیسک): ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم ایرانی حکام کے مطابق وہ محفوظ ہیں اور تشویش کی کوئی بات نہیں۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے بیٹے یوسف پزشکیان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں بھی ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ رہبرِ اعلیٰ زخمی ہوئے ہیں، تاہم مختلف حکومتی ذرائع سے رابطے کے بعد انہیں یقین دہانی کرائی گئی کہ وہ محفوظ ہیں۔
یوسف پزشکیان نے اپنے پیغام میں لکھا:
“خدا کے فضل سے وہ محفوظ ہیں اور پریشانی کی کوئی بات نہیں۔”
اس سے قبل بی بی سی نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ رہبرِ اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد سے مجتبیٰ خامنہ ای عوامی سطح پر منظر عام پر نہیں آئے، جس کے باعث مختلف قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں۔
یاد رہے کہ مجتبیٰ خامنہ ای کو اپنے والد علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد ایران کا نیا رہبرِ اعلیٰ منتخب کیا گیا تھا۔
تاہم ایران کی جانب سے زخمی ہونے کی خبروں کی باضابطہ تصدیق یا تردید تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔