صوبائی دارالحکومت کے علاقے لیاقت آباد میں سسرالیوں کی جانب سے بہو پر بہیمانہ تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد کے علاقے میں گھریلو ناچاقی پر ملزم اور متاثرہ خاتون کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد ملزم نے اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کر خاتون کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کے مطابق تشدد کے نتیجے میں خاتون کے چہرے اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید زخم آئے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ایس پی شہربانو نقوی نے مزید بتایا کہ ملزم نے نہ صرف خاتون پر تشدد کیا بلکہ ان سے پاسپورٹ، سونا اور تعلیمی ڈگریاں بھی چھین لیں۔پولیس نے 15 پر کال موصول ہونے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم طلحہ کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ طلحہ سمیت 5 ملزمان کے خلاف درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔