وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک اور کھپت سے متعلق ہائی پاورڈ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں توانائی کے بہتر استعمال اور ایندھن کی بچت کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دفاتر، تعلیمی اداروں اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے لیے ورکنگ دن کم کرنے کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔اس کے تحت تعلیمی اداروں میں ورچوئل نظام تعلیم متعارف وانے اور دفاتر کے لیے ورک فرام ہوم پالیسی پر غور کیا گیا تاکہ ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔حکام کے مطابق ان اقدامات کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک کا مؤثر استعمال ممکن ہوگا اور ملک میں ایندھن کی طلب کم ہوگی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل ہفتہ وار بنیادوں پر کیا جائے گا اور ذخیرہ اندوزی و اسمگلنگ روکنے کے لیے سخت کارروائی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج اس حوالے سے اہم فیصلوں کا اعلان کر سکتے ہیں۔