اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں ایران نے سعودی عرب پر حملہ نہ کرنے کی ضمانت فراہم کر دی ہے۔میڈیا بریفنگ کے دوران اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان دل و جان سے ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور ملک کے اندر اس معاملے کو غلط رنگ دینا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنا فرض سمجھتے ہوئے ایران کی جنگ رکوانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔وزیر خارجہ نے بتایا کہ اعلانیہ اور بیک ڈور سفارت کاری کے ذریعے ایران کے معاملے پر متحرک کردار ادا کیا جا رہا ہے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ موجود ہے، اسی تناظر میں پاکستان نے ایران سے رابطہ کر کے درخواست کی کہ وہ سعودی عرب پر حملہ نہ کرے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایران نے جواب میں ضمانت مانگی کہ سعودی سرزمین ان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، جس پر پاکستان کی درخواست پر سعودی عرب نے ایران کو مطلوبہ یقین دہانی کرا دی ہے۔