بلوچستان کے علاقے بلیدہ میں دہشت گردوں کے حملے میں گھر کو آگ لگا دی گئی، تین معصوم بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق، وزیراعلیٰ بلوچستان اور ترجمان حکومت کا شدید ردعمل۔

بلوچستان کے علاقے بلیدہ میں فتنہ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے انتہائی سفاک کارروائی کرتے ہوئے ایک بلوچ خاندان کو زندہ جلا دیا، جس کے نتیجے میں تین معصوم بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے گھر پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا اور بعد ازاں رہائشی مکان کو آگ لگا دی، جس کے باعث گھر میں موجود افراد باہر نہ نکل سکے اور زندہ جل گئے۔جاں بحق ہونے والوں میں مسلم، ملا یوسف، فضیلہ، ایک سالہ گل ناز، 6 سالہ زہرہ اور 4 سالہ چنگیز شامل ہیں، جب کہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور ریاست پوری قوت سے جواب دے گی۔دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ بلیدہ میں جاں بحق ہونے والے افراد نہ سندھی تھے اور نہ ہی پنجابی، انہوں نے بلوچستان کے وسائل پر کوئی قبضہ نہیں کیا تھا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ سیکیورٹی آپریشنز پر تنقید کرنے والے سیاستدان اس المناک واقعے پر خاموش کیوں ہیں، دہشت گردوں کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی شہادت انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ برداشت ہے۔