محکمہ انسداد دہشت گردی کا کوئٹہ میں کامیاب آپریشن، 8 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ کے علاقے درخشاں میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کے تین اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد ایک کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتے تھے۔ آپریشن کے بعد جائے وقوعہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔