پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی 3 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے Pakistan Goods Transport Alliance کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے ہر پاکستانی متاثر ہوتا ہے، جبکہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، جس کے باعث ہم 3 فیصد کرایہ بڑھانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے پہلے بھی ملک گیر ہڑتال کی تھی، تاہم اس دوران وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ اور وفاقی وزیر مواصلات کی جانب سے کیے گئے معاہدوں پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا۔
اسی طرح وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور وزیر ٹرانسپورٹ کے ساتھ طے پانے والے معاہدے بھی سرد خانے کی نذر ہیں۔
صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے خبردار کیا کہ اگر ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے وعدوں پر عمل نہ کیا گیا تو ایک بار پھر ملک گیر پرامن ہڑتال کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔
انہوں نے وفاقی، پنجاب اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ سابقہ ہڑتال کے دوران ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے وعدے فوری طور پر پورے کیے جائیں۔