بھارت کے خلاف شکست: مائیک ہیسن نے وجوہات بتا دیں

پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھارت کے خلاف 61 رنز سے شکست کی وجوہات بیان کر دی ہیں۔

کولمبو میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پہلی اننگز کے مقابلے میں دوسری اننگز میں گیند زیادہ سلپ ہوئی اور کم اسپن ہوئی، جس کے باعث پاکستان کی بیٹنگ متاثر ہوئی۔ ان کے مطابق ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں اور کوئی بڑی شراکت قائم نہ ہو سکی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کر دیا اور آج ہم آؤٹ پلے ہو گئے۔ ہیسن کے مطابق میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں سب مایوس اور دکھی ہیں کیونکہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، جس کا سب کو احساس ہے۔

بھارتی بلے باز ایشان کشن کی اننگز کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ ایشان کشن نے شاندار انداز میں بیٹنگ کی، وہ دونوں جانب اسکور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اسپنرز پر دباؤ ڈالا اور میچ پاکستان سے چھین لیا۔

عثمان طارق کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے ہیسن نے کہا کہ ان کا کردار مخصوص ہے، وہ اس وقت مؤثر ہوتے ہیں جب بیٹرز ان پر حملہ کریں، اسی لیے انہیں درست وقت پر لایا گیا اور وہ اچھی کارکردگی دکھا رہے تھے۔

سلمان آغا سے پہلا اوور کروانے کے فیصلے پر ہیسن نے بتایا کہ یہ پلان تین دن پہلے طے کیا گیا تھا اور پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ درست تھا کیونکہ پہلی اننگز میں گیند زیادہ اسپن کر رہی تھی۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم گزشتہ دو ماہ سے اچھی کرکٹ کھیل رہی تھی اور مسلسل پانچ میچز جیتے تھے، تاہم آج ہم پیچھے رہ گئے۔ ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کے لیے اب مزید بہتر کرکٹ کھیلنا ہوگی