پاکستان میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔حکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں 10 فروری تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جن میں راولپنڈی، جہلم، چکوال، سرگودھا، میانوالی، اٹک، جھنگ، نارووال اور سیالکوٹ شامل ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، مری اور گلیات میں بارش کے ساتھ بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ اور کشمیر میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرد اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ کوئٹہ، زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، موسیٰ خیل، مستونگ، قلات اور خاران میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پشاور، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، جھنگ، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور میانوالی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔کراچی میں موسم ابرآلود رہنے کی توقع ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو محتاط رہنے اور بالائی علاقوں کا غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔