یومِ یکجہتی کشمیر ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے یومِ یکجہتی کشمیر آج پورے ملک سمیت آزاد جموں و کشمیر اور دنیا بھر میں بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہےکشمیر اور پاکستان کے عوام کے درمیان اخوت، محبت، بھائی چارے، مذہبی اور نظریاتی رشتے صدیوں سے قائم ہیں، جو آج کے دن ایک بار پھر نمایاں نظر آ رہے ہیں۔دن کا آغاز نمازِ فجر کے بعد مساجد میں خصوصی دعاؤں سے کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں علامہ طاہر اشرفی نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آزادی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے تمام قدرتی راستوں پر انسانی زنجیریں بنا کر کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔پاکستان اور آزاد کشمیر میں حکومتی سطح کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کی جانب سے جلسے، جلوس، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے جا رہے ہیں۔ریلیوں کے شرکا پاکستانی اور کشمیری پرچم اٹھائے ہوئے ہیں اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔مقررین نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام سے کیا گیا استصوابِ رائے کا وعدہ پورا کرے۔ اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے۔ یومِ یکجہتی کشمیر کا مقصد کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی مستقل اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔شرکا کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔