حکومت کا قیمتی پتھروں کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے آئندہ پانچ سال کے دوران قیمتی پتھروں اور جیولری کی برآمدات کو ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے نئی پالیسی کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پالیسی 2027 سے 2030 کے عرصے کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کو بریفنگ بھی دی جا چکی ہے، جبکہ جلد اسے وفاقی کابینہ سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔وزیراعظم نے متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے پالیسی پر مشاورت کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ صنعت کو زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔ پالیسی ڈرافٹ کے مطابق آئندہ پانچ برسوں میں جیولری اور جیمز سیکٹر میں برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ 3500 افراد کو تربیت فراہم کی جائے گی۔دستاویز کے مطابق عالمی سطح پر 320 اور ملک کے اندر ایک ہزار نمائشیں منعقد کی جائیں گی، جبکہ جیم اسٹون سینٹر کے ذریعے ویلیو ایڈیشن میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ مزید برآں، صنعت کو جدید بنانے کے لیے 48 مشینوں کی سہولت فراہم کی جائے گی اور اگلے چند برسوں میں اس شعبے کے فروغ کے لیے تقریباً 9 ارب 78 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا جائے گا۔