بنگلا دیش کے ضلع شیرپور میں انتخابی مہم کے دوران بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور جماعتِ اسلامی کے کارکنان کے درمیان تصادم کے نتیجے میں جماعتِ اسلامی کے سینیئر رہنما مولانا رضا الکریم جاں بحق ہوگئےغیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا رضا الکریم کارکنان کے درمیان جھڑپ میں شدید زخمی ہوئے تھے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شیرپور-3 حلقے میں امیدواروں کے انتخابی منشور پڑھنے کی تقریب کے دوران نشستوں کے معاملے پر تنازع شدت اختیار کر گیا۔مولانا رضا الکریم جماعتِ اسلامی کی سری بردی اپازلا شاخ کے سیکریٹری اور فتح پور فاضل مدرسہ میں عربی کے لیکچرار تھے۔ انہیں تشویشناک حالت میں میمن سنگھ میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گئے۔رپورٹس کے مطابق جماعتِ اسلامی نے تصادم کا ذمہ دار بی این پی کارکنان کو قرار دیا ہے جبکہ جھڑپ میں پچاس سے زائد کارکن زخمی ہوئے جن میں تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔