میہڑ میں بڑھتی بدامنی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق دو افراد زخمی

سندھ کے شہر میہڑ میں بڑھتی ہوئی بدامنی نے ایک اور غریب محنت کش نوجوان کی جان لے لی۔ ای سیکشن تھانے کی حدود گاجی کھاوڑ روڈ پر مسلح ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت شاہد علی ولد داڑھوں بھنڈ، سکنہ گاؤں سوجھرو بھنڊ کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمیوں میں راشد علی اور رابیل شامل ہیں۔ دونوں زخمیوں کو تشویشناک حالت میں لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا ہے۔عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل چھینتے وقت بلاامتیاز فائرنگ کی، جس سے نوجوان شدید زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد تعلقہ اسپتال میہڑ میں بھنڈ برادری کے افراد کی بڑی تعداد جمع ہو گئی، جہاں مقتول کی والدہ کی دل دہلا دینے والی آہیں اور بین نے ہر آنکھ کو نم کر دیا۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ میہڑ اور گرد و نواح میں چوری، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نظر نہیں آ رہی شہریوں نے ایس ایس پی دادو سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع میں بڑھتی ہوئی بدامنی کا فوری نوٹس لیا جائے۔ذرائع کے مطابق مقتول نوجوان ایک غریب محنت کش تھا جو ہوٹل پر مزدوری کر کے اپنے گھر کا سہارا بنا ہوا تھا، مگر آج وہی محنت کش ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاہم تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔