پاک بھارت کشیدگی میں مداخلت آٹھ طیارے گرنے کا دعویٰ صدر ٹرمپ کا ایک بار پھر بڑا بیان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ رکوانے میں کردار ادا کرنے اور آٹھ طیارے مار گرائے جانے کا دعویٰ کر دیا ہے امریکی تیل کمپنیوں کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں آٹھ جنگیں رکوانے میں اہم کردار ادا کیا پاک بھارت کشیدگی کے دوران آٹھ طیارے مار گرائے گئے تھے، جبکہ اس موقع پر پاکستانی وزیراعظم نے بھی کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کی مداخلت سے ایک کروڑ (دس ملین) جانیں بچ گئیں۔گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے وینزویلا کے تیل سےمتعلق امریکی پالیسی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ امریکا جلد وینزویلا کے تیل کو ریفائن اور فروخت کرنا شروع کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکی تیل کمپنیوں کو وینزویلا میں مکمل سیکیورٹی گارنٹی فراہم کی جائے گی، جبکہ چین اور روس بھی امریکا سے وینزویلا کا تیل خرید سکیں گے۔صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ کے حوالے سے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نہیں چاہتا کہ روس یا چین گرین لینڈ تک رسائی حاصل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو گرین لینڈ کا کنٹرول حاصل ہونا چاہیے تاکہ کسی دوسرے طاقتور ملک کو وہاں قدم جمانے کا موقع نہ ملے۔روسی قیادت پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ روس اور چین کے عوام سے محبت کرتے ہیں، تاہم روسی صدر نے انہیں مایوس کیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ روسی صدر یورپ سے نہیں بلکہ امریکا سے خوفزدہ ہیں۔