ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو حکمران غرور اور تکبر کے ساتھ دنیا پر فیصلے مسلط کرتے ہیں، تاریخ میں ان کا انجام ہمیشہ عبرتناک رہا ہے۔جمعہ کے خطاب میں آیت اللہ خامنہ ای نے فرعون، نمرود اور ایران کے سابق بادشاہ رضا پہلوی کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ ظالم اور متکبر حکمران اپنے عروج کے دوران ہی زوال کا شکار ہو جاتے ہیں، اور ڈونلڈ ٹرمپ بھی اسی انجام سے بچ نہیں سکیں گے۔ایرانی سپریم لیڈر نے امریکی اقدامات کو خطے میں مداخلت اور وسائل پر قبضے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے لاطینی امریکا کے ایک ملک کو اپنے اثر و رسوخ میں رکھا اور وہاں کی پالیسیوں کا مقصد تیل پر کنٹرول حاصل کرنا تھا۔آیت اللہ خامنہ ای نے 12 روزہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران ایک ہزار سے زائد ایرانی شہری شہید ہوئے اور ان حملوں کا حکم خود ڈونلڈ ٹرمپ نے دیا تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو شخص ایرانی عوام کے قتل کا ذمہ دار ہو، وہ آج قوم کا خیر خواہ کیسے بن سکتا ہے؟ایرانی سپریم کمانڈر نے حالیہ مظاہروں سے متعلق بات کرتے ہوئے مظاہرین کو فسادی قرار دیا اور عوام سے اتحاد و یکجہتی برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کو خوش کرنے کے لیے فسادی عناصر نے اپنی ہی عمارتوں کو نقصان پہنچایا، مگر ایران کسی صورت تخریب کاروں کے سامنے نہیں جھکے گا۔آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سیکڑوں ہزار قربانیوں کے بعد قائم ہوا ہے اور دشمنی و دباؤ کے باوجود ایران اپنے اصولی مؤقف پر ثابت قدم رہے گا۔