سردی کی شدت میں اضافے کے باعث پنجاب بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں موسم سرما کی چھٹیوں میں ایک ہفتے کی توسیع کا بڑا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بچوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ شدید سردی کے باعث طلبہ کی صحت متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن آج دوپہر 3 بجے اجلاس کے بعد جاری کر دیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وہ پہلے ہی اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی افواہ نہ پھیلے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر تعلیم نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی چھٹیوں میں توسیع سے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید کی تھی اور کہا تھا کہ وائرل ہونے والا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔ اس وقت اعلان کیا گیا تھا کہ اسکول اور کالجز 12 جنوری کو معمول کے مطابق کھلیں گے۔وزیر تعلیم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں اور گمراہ کن اطلاعات سے گریز کریں۔