دبئی پولیس نے روزگار کے لیے ورک ویزا پر دبئی آنے والے پاکستانیوں سمیت تمام غیر ملکی شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے جعلی ویزا اور نوکری کے فراڈ سے خبردار کیا ہےدبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن کے اینٹی فراڈ سینٹر کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ جعلساز افراد غیر حقیقی ملازمتوں اور ویزا کفالت کے جھوٹے وعدوں کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دے رہے ہیں، جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوتی۔بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ دبئی آنے کے لیے درست ورک ویزا حاصل کرنے کا واحد محفوظ طریقہ سرکاری چینلز یا قانونی طور پر لائسنس یافتہ ریکروٹمنٹ ایجنسیز کے ذریعے درخواست دینا ہے۔دبئی پولیس نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا جعلسازی کی صورت میں فوری طور پر دبئی پولیس اسمارٹ ایپ کے ذریعے رپورٹ کریں، یا ہیلپ لائن 901 پر کال کریں، جبکہ سائبر کرائم کے لیے مخصوص پلیٹ فارم پر بھی شکایت درج کروائی جا سکتی ہے۔واضح رہے کہ دبئی میں روزگار کے لیے آنے والے غیر ملکیوں کے لیے ورک ویزا لازمی ہوتا ہے، جو عموماً آجر (Employer) کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ یہ ویزا عام طور پر ایک سے دو سال کے لیے جاری کیا جاتا ہے، جس کی بعد میں تجدید ممکن ہوتی ہے۔ورک ویزا کے حصول کے لیے درخواست دہندہ کے پاس ملازمت کی پیشکش، میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ، قانونی رہائش اور امارات آئی ڈی حاصل کرنا لازمی ہوتا ہے