کراچی میں ٹریفک حادثات اور پراسرار واقعہ دو افراد جاں بحق، مائی کلاچی کے مین ہول سے 4 لاشیں برآمد

شہر قائد میں رات گئے مختلف واقعات کے دوران دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ سپر ہائی وے جمالی پل یوٹرن کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق شخص کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جس کی شناخت 26 سالہ جمیل کے نام سے ہوئی ہے۔ادھر سائٹ ایریا میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک راہگیر جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب کراچی کے علاقے مائی کلاچی پھاٹک کے قریب ایک مین ہول سے 4 لاشیں برآمد ہونے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس حکام کے مطابق لاشوں میں 2 خواتین  ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کوئی شناختی دستاویز نہیں ملی، جبکہ لاشوں کو چھپانے کے لیے مین ہول میں درجنوں پتھر ڈالے گئے تھے۔ ابتدائی شواہد کے مطابق لاشیں 15 سے 20 دن پرانی معلوم ہوتی ہیں اور شبہ ہے کہ قتل کہیں اور کر کے لاشیں یہاں لا کر پھینکی گئیں۔لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔