سال 2026 کے پہلے دن پاکستان کے لیے بڑی خوشخبری کوہاٹ میں تیل اور گیس کے نئے بڑے ذخائر دریافت

سال 2026 کے آغاز پر ہی پاکستان کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، جہاں کوہاٹ میں تیل اور گیس کے نئے بڑے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں، جو ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔نئے سال کے آغاز کے چند گھنٹوں بعد ہی توانائی کے شعبے سے مثبت خبر موصول ہوئی ہے۔ ترجمان آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کوہاٹ کے نشپا بلاک سے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔اعلامیے کے مطابق براگزئی ایکس-1 کنویں میں 5170 میٹر گہرائی تک ڈرلنگ کی گئی، جس کے بعد یومیہ 4100 بیرل تیل اور 10.5 ملین مکعب فٹ گیس کی پیداوار حاصل ہوئی ہے۔ماہرین کے مطابق اس اہم دریافت سے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ قومی معیشت کو بھی استحکام حاصل ہوگا۔