وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ڈاکٹر وردہ قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا حکم

پشاور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے ایبٹ آباد میں لیڈی ڈاکٹر وردہ کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کی ہدایت جاری کر دی تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ جے آئی ٹی میں ایک سینئر سول افسر، سی ٹی ڈی کا اہلکار اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران شامل کیے جائیں۔ جے آئی ٹی دستیاب شواہد کی روشنی میں تحقیقات مکمل کرکے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ذمہ دار ہوگی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ واقعے کا ہر پہلو دیکھ کر شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ مقتولہ کے خاندان کو جلد انصاف مل سکے دوسری جانب وزیر صحت خیبرپختونخوا خلیق الرحمان ڈاکٹر وردہ کے گھر پہنچے اور اہلخانہ سے تعزیت کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث مجرموں کو سخت ترین سزا دلائی جائے گی اور ڈاکٹر وردہ کے اہلخانہ کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کی مکمل انکوائری کی جائے گی ڈاکٹر وردہ کے قتل نے ایبٹ آباد میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے جہاں شہریوں نے شفاف تحقیقات اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ شہر میں احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے جن میں مظاہرین نے قاتلوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا پولیس کے مطابق ڈاکٹر وردہ کو تین کروڑ روپے مالیت کے سونے کے لالچ میں ان کی سہیلی رَدّا اور اس کے ساتھیوں نے قتل کیامقتولہ کے دیور نے الزام لگایا کہ پولیس نے غفلت برتی اور بروقت کارروائی نہ ہونے سے ڈاکٹر وردہ کی جان نہ بچائی جا سکی اہلخانہ کا کہنا ہے کہ قتل سے پہلے ملزمان کا رویہ مشکوک تھا لیکن پولیس نے اس پر سنجیدگی نہیں دکھائی۔