ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ڈگریوں کی تصدیق کے نظام کو جدید اور شفاف بنانے کے لیے بلاک چین ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کا حتمی منصوبہ منظور کر لیا ہے۔ اس نظام کے تحت طلبہ کو کسی بھی قسم کی دستاویزات جمع کرانے یا ایچ ای سی دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی رپورٹ کے مطابق پروکیورمنٹ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ 6 ماہ میں نیا نظام مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ 25 وہ یونیورسٹیاں جن میں ای آر پی سسٹم مکمل نافذ ہے، ان کا ریکارڈ براہ راست بلاک چین سے منسلک ہو جائے گا، جبکہ دیگر اداروں کے طلبہ اپنی ڈگریاں اور اسناد ایچ ای سی پورٹل پر اپ لوڈ کریں گے جن کی تصدیق کے بعد انہیں بلاک چین سسٹم میں شامل کر دیا جائے گا نئے نظام کے تحت ڈگری تصدیق مکمل طور پر خودکار، شفاف اور کاغذ سے پاک ہوگی۔ سرکاری وغیرسرکاری ادارے، وزارتِ خارجہ اور سفارتخانے اس ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے فوری تصدیق حاصل کر سکیں گے۔