اختیار ولی خان پاکستان اور عمران خان میں سے کسی ایک کے انتخاب کا وقت آگیا ہے

وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبر پختونخوا اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور عمران خان میں سے کسی ایک کے انتخاب کا وقت آگیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے سیاسی ڈائیلاگ کے تمام دروازے بند ہو چکے ہیں، اور مذاکرات نہ کرنے کے فیصلے نے پارٹی کو گہری کھائی میں دھکیل دیا ہے اختیار ولی کے مطابق پی ٹی آئی کی اگلی خواہش خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا نفاذ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت اور اسرائیل سے چلائے جاتے ہیں، جبکہ ملک کے خلاف آئی ایم ایف کو خط لکھنا اور 9 مئی جیسے واقعات کسی محب وطن کا عمل نہیں ہو سکتا گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام “اعتراض ہے” میں کہا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مؤقف کی تائید صرف حکومت نہیں بلکہ ہر پاکستانی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ٹوئٹ نے صورتحال مزید سنگین بنا دی ہے اور ان کی باتوں کی تائید بھارتی اور افغان میڈیا کرتا ہے رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کی پیشکش کی تھی تاہم اب پی ٹی آئی سے مذاکرات کے کوئی امکانات باقی نہیں رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر راج کا معاملہ زیر غور ہے، اور فیصلہ کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر گورنر کی تبدیلی بھی ممکن ہے۔