بھارت کے گوریگاؤں ویسٹ کالج میں برقعہ پابندی کے خلاف احتجاج شدت اختیار کرگیا

بھارت کے گوریگاؤں ویسٹ میں واقع ویویک ودیالیہ اینڈ جونیئر کالج میں برقعہ پہننے پر عائد پابندی کے خلاف احتجاج مزید شدت پکڑ گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز درجنوں طالبات نے کالج کے باہر بھوک ہڑتال شروع کردی، جس میں مجلس ویمنز ونگ کی نائب صدر جہاں آرا شیخ بھی شریک ہوئیں اور انتظامیہ سے فوری طور پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا جہاں آرا شیخ نے الزام لگایا کہ کالج انتظامیہ نے بات چیت کا موقع نہیں دیا اور انہیں کالج کیمپس میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج مقصد نہیں تھا، بلکہ صرف یہ مطالبہ تھا کہ طالبات کی تعلیم متاثر کیے بغیر ان کے مذہبی حقوق کا احترام کیا جائے طالبات کا کہنا تھا کہ داخلے کے وقت انہیں برقعہ پابندی سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی، اس لیے اچانک پابندی کا نفاذ زیادتی ہے۔ نائب پرنسپل نے ملاقات کا وقت دیا تھا، لیکن جب طالبات پرنسپل سے ملنے پہنچیں تو کالج کا گیٹ بند کر دیا گیااحتجاج کے دوران پولیس نے ممبئی مجلس کے صدر حاجی فاروق بھائی شابدی کو بھی حراست میں لے لیا۔ طلبہ رہنماؤں اور طالبات نے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ برقعہ پابندی مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، جو کسی طور قبول نہیں مظاہرین نے واضح کیا ہے کہ جب تک انتظامیہ پابندی کے فیصلے پر نظرِ ثانی نہیں کرتی، احتجاج اور بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری رہے گا۔