پیپلز پارٹی نے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر چلنے کی منظوری دے دی بورڈز اور کمیٹیوں میں نمائندگی ملے گی

اسلام آباد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر چلنے کے لیے حامی بھر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے پنجاب حکومت کی جانب سے دی گئی سیاسی اسپیس کی آفر قبول کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور پارٹی قیادت نے اس کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی ہے پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پنجاب حکومت کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے اور مختلف بورڈز، کمیٹیوں اور لا افسران کے لیے نام بھی بھجوا دیئے ہیں۔ پارٹی نے پنجاب حکومت کے ماتحت بورڈز اور کمیٹیوں میں نمائندگی کی درخواست بھی جمع کرا دی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے نامزد وکلا پنجاب میں بطور لا افسران تعینات ہوں گے، اور پارٹی کو صوبائی سطح پر انتظامی ڈھانچے میں شمولیت ملے گی واضح رہے کہ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا تھا، جس کے بعد یہ پیش رفت سامنے آئی ہے۔