پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ چار دن کے دوران ڈھائی لاکھ سے زائد چالان کیے گئے، جبکہ مجموعی طور پر 25 کروڑ 73 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ڈی آئی جی ٹریفک پولیس پنجاب وقاص نذیر نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 49 ہزار 961 موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں ضبط کی گئیں۔ وارننگ کے باوجود ون وے کی خلاف ورزی اور دیگر سنگین قوانین توڑنے پر 18 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے، جن میں تقریباً 300 ایسے ڈرائیور شامل ہیں جن کی عمر 18 سال سے کم ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کم عمر ڈرائیورز کو ہتھکڑیاں لگانے کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر کم عمر طلبہ کی گرفتاریوں کا سلسلہ روکنے کا حکم دے دیا حکومت نے اصولی فیصلہ کیا ہے کہ 16 سال کی عمر کے بچوں کو اسمارٹ کارڈ اور موٹرسائیکل لائسنس جاری کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کی جانب سے طلبہ کے لیے خصوصی آگاہی ہفتہ بھی منایا جائے گا ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی نانے کے لیے گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان میں جدید ڈرون کیمرے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔