بنو میں دہشت گرد حملہ: اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان سمیت 4 افراد شہید

بنو کے میران شاہ روڈ پر دہشت گردوں نے اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر، دو پولیس اہلکار اور ایک شہری شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور زخمی اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین کر فرار ہوگئے اور بعد ازاں گاڑی کو آگ لگا دی۔واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ فائرنگ کا واقعہ فلور ملز کے قریب پیش آیا جہاں حملہ آوروں نے اچانک کارروائی کی۔خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے آئی جی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔