کرم کے وسطی علاقے میں مارٹر گولہ گھر پر گرنے سے 5 بچے جاں بحق لواحقین کا شدید احتجاج

کرم کے وسطی علاقے مناتو ورستہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے 5 بچے موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 7 سے 18 سال کے درمیان تھیں پولیس کے مطابق مارٹر گولہ حاجی گلاب نامی شخص کے گھر پر گرا جس کے نتیجے میں بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ سانحے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی افسوسناک واقعے کے بعد لواحقین نے بچوں کی لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ہر پہلو کا جائزہ لیا جارہا ہے مزید یہ کہ اس سے قبل سندھ کے ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا تھا، جہاں راکٹ لانچر کا زنگ آلود گولہ پھٹنے سے 4 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ علاقے کے لوگوں نے بتایا کہ بچے مویشی چرا رہے تھے کہ انہیں جنگل سے یہ گولہ ملا، جو اچانک پھٹ گیا۔ جاں بحق بچے گولا قبیلے کے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔