کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں 14 فیصد کمی ٹیکنالوجی نے اہم کردار ادا کیا ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی شرح میں 14 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ وائلنٹ کرائم بھی گزشتہ سال کی نسبت 55 فیصد کم ہوا ہے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی نے جرائم کی روک تھام میں بڑا کردار ادا کیا ہے جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ 90 کی دہائی کراچی کے لیے بدامنی کا دور تھا، لیکن عوام کی ہمت اور پولیس کی قربانیوں سے شہر میں امن بحال ہوا انہوں نے بتایا کہ بھتہ خوری کے کیسز کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، کئی کیسز کاروباری لین دین کے تنازعات نکلے۔ بھتہ خوری کے خلاف کارروائیوں میں 5 گینگسٹرز مارے گئے جبکہ 40 سے زائد ملزمان گرفتار کیے گئے شوروم پر فائرنگ کے بھتہ کیس کے ملزمان کو بھی گزشتہ شب گرفتار کر لیا گیا انہوں نے کہا کہ شاہین فورس سب سے زیادہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں فعال ہے، موٹر سائیکل پر پولیس اہلکاروں کی رسائی تیز ہوتی ہے، اسی لیے حکومت سے مزید موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے کراچی پولیس چیف نے مزید بتایا کہ ٹریکس کا نیا نظام شفافیت پر مبنی ہے اور اس کے خلاف کوئی بھی عدالت جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ اس نظام میں افسران کو بھی چالان مل رہے ہیں، حتیٰ کہ میرا اپنا ڈرائیور بھی اب سیٹ بیلٹ لگاتا ہے اور اسٹاپ لائن پر گاڑی روکتا ہے ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف جرائم کم ہوئے ہیں بلکہ پولیس پر لگنے والے الزامات میں بھی کمی آئے گی۔