ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کا حال موہن جو دڑو سے بدتر ہو چکا ہے۔اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ای چالان کے نام پر شہریوں سے دس دس ہزار روپے لے کر انہیں ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی والوں پر نئے نئے حربوں سے ٹیکس پر ٹیکس لگا رہی ہے، حالانکہ شہری پہلے ہی بھاری ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔فاروق ستار نے کہا کہ شہر کی سڑکیں ٹوٹی پھوٹی اور گلیاں کھنڈرات بن چکی ہیں، مگر حکومت صرف عوام پر بوجھ ڈالنے میں مصروف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ “جنگل کا بھی کوئی قانون ہوتا ہے، مگر کراچی میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ جب شہر میں ٹریفک جام ہوتا ہے تو بائیکرز فٹ پاتھ سے راستے بناتے ہیں کیونکہ کراچی کی کسی سڑک پر مارکنگ یا زیبرا کراسنگ نظر نہیں آتی۔