حکومت نے ملک میں قیمتی پتھروں (Gemstones) کی برآمدات بڑھانے کے لیے جم اسٹون ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزارتِ تجارت نے پارلیمان سے نئی جم اسٹون اتھارٹی کے انتظامی ڈھانچے پر رائے طلب کر لی ہے، جب کہ نئی اتھارٹی کی ذمہ داری وزارتِ صنعت و پیداوار کے سپرد کی جائے گی۔وزارتِ تجارت کے مطابق، اس کے اختیارات صرف تجارتی تعلقات کے فروغ اور نئی منڈیوں کی تلاش تک محدود ہیں، لہٰذا مائننگ ریگولیشن، پروڈکشن اور لوکل پروسیسنگ جیسے امور وزارتِ صنعت و پیداوار بہتر طور پر سنبھال سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق، مجوزہ جم اسٹون ڈیولپمنٹ اتھارٹی قیمتی پتھروں کے شعبے کو باضابطہ بنانے اور برآمدات میں اضافے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔اتھارٹی کے قیام سے غیر قانونی کان کنی، اسمگلنگ، محدود ویلیو ایڈیشن اور غیر تیار شدہ جم اسٹونز کی برآمدات پر قابو پانے میں مدد ملے گی، جس سے ملکی زرمبادلہ میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔